جنوبی وزیرستان سراروغہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے11بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش. آصف علی زرداری

اسلام آبا د (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنوبی وزیرستان کے علاقہ سراروغہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے11بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج جہنم واصل کرنے پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔

صدر مملکت نے کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ صدر مملکت نے پاک فوج کے بہادر شہداء کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خاتمے اور ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا، انہوں نے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا بھی اظہار کیا۔