وزیر اعظم عمران خان خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ڈی چوک میں کارکنوں کی آمد کے معاملے پر سیکیورٹی انتظامات کیلئے وفاقی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے سرجوڑ لیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار 3 اپریل کو ریڈ زون سے متعلق انتہائی سخت سیکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، کسی جماعت کے کارکنوں کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اسلام آباد کی سیکیورٹی کیلئے مختلف صوبوں سے مزید فورس منگوانے کا فیصلہ کیا گیا اور ایف سی کے 1500 مزید جوان اور افسران منگوائے جائیں گے، پنجاب پولیس کے 300 مرد اور 100 خواتین پولیس اہلکاروں کو آج رات بلالیا جائیگا۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام آباد کے مخصوص علاقوں میں ڈبل سواری پر پابندی لگانے پر بھی غور کیا جارہا ہے جبکہ کل کے روز اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریڈزون کے داخلی راستوں پر مزید فورس تعینات کی جائے گی جبکہ فورس کو اینٹی رائٹ کٹس اور آنسو گیس شیلز آج رات جاری کردیے جائیں گے۔
ریڈزون کو جانیوالے راستوں پر رینجرز اور ایف سی پہلے سے تعینات ہے، ریڈزون میں اہم عمارتوں پر وفاقی پولیس کیساتھ رینجرز، ایف سی بھی تعینات ہے۔