باجوڑ بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیا ع پر اظہار افسوس، لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار. مریم نواز

لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ضلع باجوڑ کی تحصیل خار میں بم دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیا ع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔بدھ کوجاری اپنے ایک مذمتی بیان میں شہدا ءکے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں،دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں ۔

وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ پاکستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کیخلاف جنگ جاری رہے گی،شہدا ءکی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عوام ،حکومت اور پاک افواج ایک پیج پر ہیں جبکہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

وزیر اعلی مریم نواز نے شہداء کو خواج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا ءکو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ حوصلے اور ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق دے،انہوں نے شہدا ءکی بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی ۔