اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) ایف جی ای ایچ اے نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے بدست وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات، میاں ریاض حسین پیرزادہ آج اسکائی گارڈنز ہاؤسنگ پراجیکٹ کی سائٹ پر منعقدہ تقریب میں الاٹیوں کو پلاٹوں کے قبضہ نامے تقسیم کیے۔
اسکائی گارڈنز ایک مشترکہ منصوبہ ہے جو FGEHA اور کامنرز اسکائی گارڈن کے مابین 2019 میں طے پایا۔ یہ منصوبہ نیو مری ایکسپریس وے کے قریب ایک دلکش پہاڑی علاقے میں واقع ہے، جس کا رقبہ 11,000 کنال پر مشتمل ہے، جن میں سے 7,200 کنال زمین FGEHA کو منتقل کی جا چکی ہے۔ یہ منصوبہ بنیادی طور پر 2009 کی رکنیت مہم کے تحت رجسٹرڈ وفاقی ملازمین کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
منصوبے کو ماضی میں کئی رکاوٹوں کا سامنا رہا، جن میں نیب کی تحقیقات اور سپریم کورٹ کی جانچ پڑتال شامل ہیں، جس کے باعث تعمیراتی معاہدے میں دو سال کی تاخیر ہوئی۔ تاہم، متعلقہ اداروں سے کلیئرنس ملنے کے بعد منصوبے کی ترقیاتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو چکی ہیں۔ پہلے مرحلے میں، 80 الاٹیوں کو بلاک A کے 250 کنال پر مشتمل مکمل ترقی یافتہ پلاٹ دیے گئے ہیں، جو تمام قانونی مسائل سے پاک اور تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ہیں۔ مجموعی طور پر یہ منصوبہ 10 رہائشی بلاکس پر مشتمل ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ہاؤسنگ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے گہرے اطمینان کا اظہار کیا کہ ایک طویل اور مشکل انتظار کے بعد الاٹی اب حقیقی پیش رفت دیکھ رہے ہیں۔
“یہ میرے لیے بڑی خوشی اور اطمینان کی بات ہے کہ ایک پرانا وعدہ آج حقیقت بن چکا ہے۔ میں اُن افراد کے دکھ کو محسوس کرتا ہوں جنہوں نے اپنی محنت کی کمائی اس منصوبے میں لگائی اور برسوں بے یقینی کا سامنا کیا۔ آج اُن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ یہ بارش کا پہلا قطرہ ہے، اور مجھے یقین ہے کہ دیگر رُکے ہوئے منصوبے بھی اب تیزی سے آگے بڑھیں گے۔”
وزیر نے واضح کیا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد سے وہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور محکموں سے کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے گزشتہ تاخیر اور بدانتظامی کی سختی سے مذمت کی اور اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا:
“میں چھ مرتبہ صوبائی اور قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہوا ہوں۔ مجھے عوامی ووٹ کی طاقت پر کامل یقین ہے اور میں خدمتِ خلق کو اپنا مشن سمجھتا ہوں،وزیر نے اعلان کیا کہ جلد ہی شہداء پولیس اور انٹیلیجنس اداروں کے اہل خانہ کے لیے پلاٹ مختص کرنے کی سمری پیش کی جائے گی، تاکہ ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا جا سکے،تقریب میں سیکرٹری ہاؤسنگ و تعمیرات اور ڈی جی FGEHA نے بھی خطاب کیا۔ ڈی جی نے منصوبے کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تین مزید بلاکس دسمبر 2025 تک قبضہ کے لیے تیار ہو جائیں گے۔ دونوں افسران نے یقین دلایا کہ وزارت اور اس کے ادارے ماضی کی مشکلات پر قابو پانے کے لیے پُرعزم ہیں اور شفاف اور مؤثر سروس ڈلیوری کے ذریعے عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے کوشاں ہیں۔