سپریم کورٹ نے سیاسی حالات پر ازخود نوٹس پر لارجربینچ بنانےکا فیصلہ کرلیا۔کل ہونے والی سماعت پانچ رکنی لارجر بینچ کرےگا۔ نیا تشکیل دیا جانے والا لارجربینچ کل دن ایک بجے ازخود نوٹس کی سماعت کرے گا۔
آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے ریفرنس پرکل ہونے والی سماعت مؤخر کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف آج تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا جس کے بعد وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہہ دیا ہے قوم الیکشن کی تیاری کرے۔
عمران خان کے خطاب کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی تاہم اپوزیشن نے اس سارے عمل کو غیر آئینی قرار دیا اور اسمبلی کے اندر ہی دھرنا دے دیا۔
قومی اسمبلی کی کارروائی پر سپریم کورٹ نے بھی ازخود نوٹس لے لیا ہے جس کی آج ابتدائی سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ریاستی عہدیداروں کو کسی بھی ماورائے آئین اقدام سے روک دیا ہے۔