وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت طلال چوہدری کا جی سکس کا دورہ، مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری میں انتظامات کا جائزہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ جی سکس کا دورہ کیااور مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری میں انتظامات کا جائزہ لیا ۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف کمشنر ، آئی جی اسلام آباد اور امام بارگاہ کے منتظمین بھی وزراء کے ہمراہ تھے ۔ وزراء نے مرکزی امام بارگاہ اثناء عشری میں انتظامات کا جائزہ لیا ۔ وزراء کی جانب سے جلوس کے روٹ، سکیورٹی امور اور پارکنگ انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

امام بارگاہ میں وزراء کو مجموعی انتظامات اور سکیورٹی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ وزراء کو بتایا گیا کہ سیف سٹی میں قائم کنٹرول روم سے تمام جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ جاری ہے، محرم الحرام کے دوران شہر بھر میں 181 جلوس اور 965 مجالس کا انعقاد ہوگا۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ سکیورٹی انتظامات کے تحت 16 ہزار سے زائد پولیس و رینجرز فرائض سرنجام دیں گے، ضلعی انتظامیہ تمام امام بارگاہوں کے منتظمین کے ساتھ رابطے میں ہے،

محرم الحرام کے حوالے سے تمام مسالک کے علماء کرام کے ساتھ بھی اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ وفاقی وزراء نے سکیورٹی امور سمیت مجموعی انتظامات پر اظہار اطمینان کیا اور محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات فول پروف رکھنے کی ہدایت کی ۔ وفاقی وزراء نے ہدایت کی کہ دوران جلوس یقینی بنایا جائے کہ دیگر شہریوں کو متبادل راستے استعمال کرنے میں دشواری نہ ہو، متبادل راستوں کے حوالے سے شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے۔