ریلوے ڈرائی پورٹس، اسٹیشنوں کی حالت، مسافروں کی سہولیات اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی غور.وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اہم اجلاس، ریلوے ڈرائی پورٹس اور اسٹیشنز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلےوفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریلوے ڈرائی پورٹس، اسٹیشنوں کی حالت، مسافروں کی سہولیات اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا ، وزیر ریلوے نے مغلپورہ، اسلام آباد اور اضاخیل ریلوے ڈرائی پورٹس کی موجودہ آمدن، انتظامی صورتحال اور مستقبل کی صلاحیت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ:“ان ڈرائی پورٹس میں بے پناہ آمدنی کی صلاحیت ہے، بہتر پالیسی اور انتظام سے ریلوے کو مضبوط مالی بنیاد دی جا سکتی ہے۔”
اجلاس میں تمام ریلوے ڈرائی پورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا تاکہ جدید انتظامی ماڈل کے تحت کارکردگی بہتر بنائی جا سکے۔

وزیر ریلوے نے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس (DS) کو ہدایت دی کہ وہ محنت اور اصلاحات پر توجہ دیں، اسٹیشنز کا باقاعدہ دورہ کریں، اور مسافروں سے براہ راست رابطہ رکھ کر ان کے مسائل کو فوری حل کریں ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں میں موجود گیس سلنڈرز کی OGRA سے باقاعدہ منظوری لازم ہوگی۔ وزیر ریلوے نے فوری طور پر سلنڈرز کی جانچ پڑتال اور منظوری کے لیے OGRA سے تصدیق شدہ مہم شروع کرنے کی ہدایت جاری کی ، وزیر ریلوے نے تمام اسٹیشن ماسٹرز کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اسٹیشنز پر صفائی، خوبصورتی، پودوں کی دیکھ بھال اور مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔

وزیر ریلوے نے اعلان کیا کہ:“جو اسٹیشن ماسٹر صفائی، نظم و ضبط، اور مجموعی بہتری میں نمایاں کردار ادا کرے گا، اُسے ذاتی طور پر انعام دیا جائے گا۔” اجلاس کا مقصد ریلوے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، مسافروں کو سہولت دینا، اور ریلوے کو مالی اور انتظامی طور پر مضبوط بنانا ہے.