بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 587 رنز بنا کر آؤٹ

برمنگھم (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 587 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان شبمن گل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 269 رنز بنائے جو ان کی پہلی ڈبل سنچری بھی ہے۔

شبمن گل کے علاوہ روندرا جدیجا نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کی جانب سے شعیب بشیر نے تین جبکہ جوش ٹونگ اور کرس ووکس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں انگلینڈ کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا۔ دن کے اختتام پر انگلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنائے۔ زیک کرولی 19 جبکہ بین ڈکٹ اور اولی پوپ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

تجربہ کار بیٹر جو روٹ 18 اور ہیری بروک 31 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ بھارت کی جانب سے اکاش دیپ نے دو اور محمد سراج نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کو بھارت کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے 510 رنز درکار ہیں۔