اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے سے متعلق اہم اجلاس۔ ریلوے کی فنی کارکردگی، مکینیکل نظام اور بہتری کے اقدامات پر تفصیلی غور۔ اجلاس میں وفاقی وزیر کو ریلوے کی مکینیکل اور تکنیکی ورکنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں موجودہ صورتحال، فنی مسائل اور ان کے حل کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ وزیر ریلوے نے اجلاس میں متعلقہ حکام کی جانب سے خرابیوں کی وجوہات تلاش نہ کیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور واضح ہدایت جاری کی کہ تکنیکی مسائل کی بنیادی وجوہات کا تجزیہ اور ان کا مستقل حل تلاش کیا جائے محمد حنیف عباسی نے ڈی ایس اور مکینیکل اسٹاف کو ہدایت کی کہ ٹرین روانگی سے قبل تمام انجنز، مکینیکل اور تکنیکی حصوں کی مکمل اور درست جانچ یقینی بنائی جائے، تاکہ دورانِ سفر مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی یا تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ نظام میں تکنیکی صلاحیت اور جدید مہارت کی کمی کارکردگی میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔ اس مسئلے کا مستقل حل تب ہی ممکن ہے جب ریلوے کا نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کارکردگی میں بہتری اور مسافروں کی سہولت کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر نے تمام ریلوے افسران کو ہدایت کی کہ مسافروں کے اعتماد کی بحالی، حفاظت، سہولت اور وقت کی پابندی کو اولین ترجیح دی جائے، اور ہر ممکن اقدامات بروقت کیے جائیں اجلاس میں چیئرمین ریلوے ذاتی طور پر شریک تھے، جبکہ ڈی ایس لوکوموٹیو اور سی ای او ریلوے آن لائن اجلاس میں شامل ہوئے۔