اسلام آباد (سپیشل رپورٹر )وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات اور فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے تاکہ “بلڈ پاکستان ایگزیبیشن اینڈ کانفرنس” کو مشترکہ طور پر منعقد کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں ایک تقریب وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات میں منعقد ہوئی جہاں فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او جناب سلیم خان تنولی اور وزارت کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری محمد اشفاق گھمن نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ و تعمیرات میاں ریاض حسین پیرزادہ اور سیکریٹری ہاؤسنگ حامد یعقوب شیخ بھی موجود تھے ، اس مفاہمتی یادداشت کے تحت فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ وزارتِ ہاؤسنگ و تعمیرات کی سرپرستی میں “بلڈ پاکستان – لیٹس بلڈ ٹو گیدر” نمائش کا انعقاد کرے گی۔ اس نمائش کا مقصد پاکستان کے ہاؤسنگ اور تعمیراتی شعبوں میں معاشی ترقی، صنعتی ترقی، اور پائیدار طریقہ کار کو فروغ دینا ہے۔
نمائش چار مراحل میں منعقد کی جائے گی جن کا آغاز 2025 سے ہو گا۔ پہلی نمائش اور کانفرنس کا انعقاد اکتوبر 2025 میں لاہور ایکسپو سینٹر میں متوقع ہے۔ ان ایونٹس کا مرکزی موضوع انفراسٹرکچر، ہاؤسنگ، شہری بحالی، اور صنعتی ترقی ہو گا، جبکہ مختلف تجارتی اداروں، چیمبرز آف کامرس، اور صنعتی تنظیموں کے ساتھ اشتراک کے ذریعے زیادہ سے زیادہ شرکت اور رسائی کو یقینی بنایا جائے گا ، نمائش میں سرکاری منصوبوں، نجی کمپنیوں، اور بین الاقوامی نمائش کنندگان کے لیے پویلینز مختص کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی جدت، مہارت، جدید تکنیک اور تعمیراتی مواد کو پیش کر سکیں ، اس موقع پر سلیم خان تنولی نے نمائش کے اغراض و مقاصد اور اہم نکات پر روشنی ڈالی اور اس کے متوقع فوائد کو اجاگر کیا جو پاکستان کی انفراسٹرکچر میں ترقی، ہاؤسنگ پائیداری، اور صنعتی بہتری کے لیے انتہائی اہم قرار دیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں ٹیموں کو مبارکباد دی اور MoU پر دستخط کو پاکستان کے ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر، اور صنعتی شعبے کی مضبوطی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے اسے ایک بروقت اقدام قرار دیا جو قومی و بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے لیے قیمتی پلیٹ فارم فراہم کرے گا ، وزیر موصوف نے کہا کہ یہ اقدام حکومت کے ترقیاتی وژن سے ہم آہنگ ہے جس کا مقصد کم لاگت ہاؤسنگ کو فروغ دینا، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی سہولت، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، اور سی پیک اور خصوصی اقتصادی زونز پر کام کو تیز کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت ایسے پلیٹ فارمز کی مکمل حمایت کرتی ہے جو جدت کی حوصلہ افزائی، باہمی تعاون کو فروغ، اور پائیدار شہری ترقی کو ممکن بنائیں.