پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی آبادی ایک غیر معمولی موقع ہونے کےساتھ ایک اہم چیلنج بھی ہے، وزیراعظم شہباز شریف کا آبادی کے عالمی دن پر پیغام

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی آبادی ایک غیر معمولی موقع ہونے کےساتھ ایک اہم چیلنج بھی ہے، حکومت نوجوانوں کو قومی ترقی بروئےکار لانے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔آبادی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہر سال آبادی کا عالمی دن اس عزم کے ساتھ منایا جاتا ہے کہ آبادی میں پائیدار اضافے اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے کے لیے پوری دنیا متحد ہے ، اس سال عالمی یوم آبادی کا عنوان’’نوجوانوں کو بااختیار بنانا کہ وہ ایک منصفانہ اور پرامید دنیا میں اپنے مطلوبہ خاندانوں کو تشکیل دے سکیں‘‘ہے ،پاکستان کے آبادیاتی منظرنامے کے لئے ایک اہم پیغام رکھتا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 242 ملین کی آبادی جن میں سے تقریباً 65فیصد کی عمریں 30 سال سے کم ہیں، کےساتھ پاکستان اپنی تاریخ کے ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ نوجوانوں کی یہ بڑی تعداد ایک غیر معمولی موقع اور ایک اہم چیلنج کی نمائندگی کرتی ہے اگر نئی نسل کی اچھی پرورش پر توجہ مرکوز کی جائے اور انہیں بااختیار بنایا جائے تو ہماری نوجوان آبادی جدت، پیداواری صلاحیت اور قومی ترقی کے لئے ایک متحرک قوت بن سکتی ہے تاہم اتنی بڑی اور بڑھتی ہوئی آبادی کا انتظام عوامی وسائل اور حکمرانی کے نظام پر بھی زبردست دباؤ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک جامع، حقوق پر مبنی آبادی کے ایجنڈے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، ہم صحت کی دیکھ بھال تک مساوی رسائی کو یقینی بنانے، خاندانی منصوبہ بندی کو فروغ دینے اور ایسے نظام کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں جو افراد کو وقار اور خود مختاری کے ساتھ اپنے مستقبل کے بارے میں انتخاب کرنے کی اجازت دیتے ہیں، یہ کوششیں پائیدار ترقی کے اہداف اور ایف پی اہداف کے تحت پاکستان کے وعدوں کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں،آبادی کے استحکام کے لیے ایک مربوط، کثیر شعبہ جاتی نقطہ نظر کی ضرورت ہے ، وزیر اعظم نے تمام اسٹیک ہولڈرز، وفاقی اور صوبائی حکومتوں، ترقیاتی شراکت داروں، سول سوسائٹی، پرائیویٹ سیکٹر، مذہبی رہنمائوں اور مقامی کمیونٹیز پر زور دیا کہ وہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی مشترکہ ذمہ داری کا اعادہ کریں تاکہ آبادی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے عزم کو یقینی بنایا جا سکے اور پاکستان کامستقبل صحت مند، زیادہ خوشحال بن سکے۔