چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈی جی ورکس، ڈی جی ای اینڈ ایم، ڈپٹی ڈی جی انفورسمنٹ، ڈائریکٹر ڈی ایم اے اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ، اجلاس میں اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے بیوٹیفکیشن پلان پر عملدرآمد، پیڈسٹرین برجز کی اوور ہالنگ، مینٹیننس، خوبصورت لائٹس کی تنصیب، بلیو ایریا میں قائم پارکنگ پلازہ کو فعال بنانے کے علاوہ اسلام آباد کے شہریوں کیلئے سپورٹس کی سہولیات میں مزید اضافہ کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے تمام پیڈسٹرین برجز کا سروے کرنے، اوور ہالنگ، مینٹیننس، اور خوبصورت لائٹس کی تنصیب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلیو ایریا میں پارکنگ پلازہ کا تمام کام جلد از جلد مکمل کر کے اسے فعال بنایا جائے تاکہ بلیو ایریا میں آنے والے شہریوں کو پارکنگ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں ، چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام بڑے اور چھوٹے پارکس خصوصاً ایف نائن پارک اور لیک ویو پارک میں سہولیات میں مزید اضافہ کرنے اور جدید لائٹس نصب کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسلام آباد میں ماحول دوست لگانے، سیاست کے فروغ کے علاوہ کیبل کار، تھیم پارک اور فئیر ویل کے منصوبوں کی فزیبلٹی رپورٹس جلد از جلد تیار کرنے کی ہدایت کی ، چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے جہاں نئی شاہرات اور انڈر پاسسز کی تعمیر کی جارہی ہے وہاں ایکسپریس وے، مارگلہ روڈ، کلب روڈ، پارک روڈ اور فیصل ایونیو کو نہ صرف اپ گریڈ کیا جارہا ہے بلکہ ان شاہراہوں پر لین مارکنگ، فٹ پاتھ کی مرمت، میڈین اسٹرپس، گرین بیلٹس اور رائٹ آف وے کو خوبصورت بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑے راؤنڈ آباؤٹس کی تزئین و آرائش اور اربن فاریسٹ کے منصوبوں کو پانی اور زمین کی آلودگی کم کرنے کیلئے ترجیح دی گئی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ تزئین و آرائش اور شاہراہوں کو خوبصورت بنانے کے اس منصوبے کے تحت ماڈل شاہراہوں پر ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کے کام کے ساتھ ساتھ مناسب جگہوں پر موسمی پھول لگائے جارہے ہیں۔ اسی طرح ان شاہراہوں پر خوبصورت پلانٹرز اور لکڑی کی تختیوں کا استعمال کیا جارہا ہے جسے شہریوں کی جانب سے خوب پزیرائی مل رہی ہے۔ اسی طرح ان شاہراہوں پر جدید لائٹنگ کا انتظام بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔
چئیرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آبادکے ہر سیکٹر میں پارکس کی مکمل اپ گریڈیشن کی جائے جسمیں ٹریکس، جھولے، جدید لائٹنگ اور ہارٹیکلچر کے کام شامل ہوں۔