کشمیر(سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے ملک باسط اعوان کے اعزاز میں بلوچ بیٹھک (ضلع سدھنوتی) میں ایک شاندار اور تاریخی ویلکم ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر امڈ آیا۔ ریلی میں تقریباً 500 موٹر سائیکلیں، 1000 گاڑیاں اور پانچ ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی ، اس عوامی مظاہرے نے علاقے میں ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کر دی۔ ریلی میں شرکت کرنے والے افراد کا تعلق قلعہ ترالخل، تالا باڑی، منوٹا، نالہ پلندری سمیت حلقے کے تمام علاقوں سے تھا، جہاں ہر زبان پر ملک باسط کے حق میں نعرے اور چہروں پر جوش و خروش نمایاں تھا۔
ملک باسط اعوان کا ولولہ انگیز خطاب:تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک باسط اعوان نے کہا:”ہم نے صرف ایک سادہ سی کال دی تھی، لیکن عوام کی محبت نے اسے تاریخ کی سب سے بڑی ریلی بنا دیا۔ میں تمام 32 برادریوں کا شکر گزار ہوں، اور ان سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں سب کو اپنی ذاتی برادری سمجھ کر ان کے ساتھ ہر حال میں کھڑا رہوں گا۔”انہوں نے کہا کہ:”میرا سیاست میں آنے کا واحد مقصد عوامی خدمت ہے۔ ‘روٹی، کپڑا اور مکان’ ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور میں اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے میدانِ سیاست میں آیا ہوں۔”
ملک باسط اعوان نے مزید کہا:”چاہے مجھے پارٹی ٹکٹ ملے یا نہ ملے، عوام کی محبت ہی میرے لیے سب سے بڑی جیت ہے۔”برادریوں کی مکمل حمایت:اس موقع پر سیاسی و سماجی رہنما محمد اشتیاق کیانی نے اپنے خطاب میں کہا:”ہم اپنی مکمل برادری کے ساتھ ملک باسط اعوان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیں گے۔”اسی طرح ایس ڈی او اشفاق کیانی نے بھی مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”میں اور میری پوری برادری، ہر پلیٹ فارم پر ملک باسط اعوان کی حمایت کریں گے اور ان کے مشن میں بھرپور ساتھ دیں گے۔”
عوامی تائید کا نیا باب:ریلی میں شریک عوام نے واضح پیغام دیا کہ ملک باسط اعوان کی شمولیت سے نہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی کو تقویت ملی ہے بلکہ حلقہ کی سیاست میں ایک نئی روح پھونکی گئی ہے۔ ویلکم ریلی کے کامیاب انعقاد پر ملک باسط اعوان نے تمام دیہات، برادریوں، نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین کا دلی شکریہ ادا کیا.