ڈاکٹر مصدق ملک سے SPAR6C وفد کی ملاقات، آرٹیکل 6 تعاون پر پیش رفت کا جائزہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے آج SPAR6C کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ یہ عالمی منصوبہ اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (UNEP) کے تحت تشکیل دیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستان سمیت دیگر شراکت دار ممالک کو بین الاقوامی کاربن مارکیٹس میں مؤثر شمولیت کے لیے درکار استعداد فراہم کرنا ہے ، یہ پانچ سالہ پروگرام پاکستان، کولمبیا، تھائی لینڈ اور زیمبیا میں آرٹیکل 6 کے تقاضوں کے مطابق تیاری اور عملی اقدامات کی معاونت کر رہا ہے۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں آرٹیکل 6 کے تحت تیاری کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا، بالخصوص طلباء کے لیے جاری معاونتی پروگرام کے امکانات پر غور کیا گیا۔ اس ضمن میں ان پاکستانی طلباء کی صلاحیتوں کو قومی سطح پر بروئے کار لانے پر گفتگو ہوئی جنہوں نے آرٹیکل ۶ کے حوالے سے تحقیق اور تربیت مکمل کی ہے ، شرکاء نے پاکستان میں جاری اور آئندہ ممکنہ کاربن ٹریڈنگ منصوبوں اور دیگر مواقع کا بھی جائزہ لیا ، اس موقع پر وفاقی وزیر نے پاکستان میں ایک مضبوط، شفاف اور جامع کاربن مارکیٹ کے قیام کے لیے وزارت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ SPAR6C جیسے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ساتھ ساتھ ملکی نجی شعبے کو بھی اس عمل میں شریک کیا جائے گا تاکہ قومی موسمیاتی اہداف کے حصول اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنایا جا سکے.