سی ڈی اے کے کمرشل پلاٹوں کا تاریخی اور کامیاب نیلام عام کا پہلا روز نیلام عام کے پہلے روز 6 کمرشل پلاٹس 17.14 ارب روپے میں نیلام

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سی ڈی اے کے کمرشل پلاٹوں کا تاریخی اور کامیاب نیلام عام کا پہلا روز جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔ کمرشل پلاٹس کے نیلام عام کے پہلے روز 6 کمرشل پلاٹس 17.14 ارب روپے میں نیلام ہوئے ، تفصیلات کے مطابق بلیو ایریا (8-G) کا پلاٹ نمبر 13 تقریباً 7.24 ارب روپے میں نیلام ہوا۔ اسی طرح بلیو ایریا (8-G) کا پلاٹ نمبر 14 تقریباً 4.16 ارب روپے میں نیلام کیا گیا جبکہ بلیو ایریا (8-G) کا پلاٹ نمبر 12 تقریباً 3.60 ارب روپے میں نیلام کیا گیا ، مزید برآں سیکٹر آئی چودہ کا پلاٹ نمبر 3-A تقریباً 74.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔ اسی طرح مرکز I-14 کا پلاٹ نمبر 3B کو 70.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔ جبکہ مرکز I-14 کا پلاٹ نمبر 10A کو 66.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا ، سی ڈی اے کے زیر اہتمام اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس اور بلیو ایریا کے پارکنگ پلازہ کی دکانوں کا شاندار نیلام عام 16 اور 17 جولائی کو بھی جاری رہے گا۔

نیلام عام میں سرمایہ کاروں کی بھر پور شرکت اس بات کا مکمل ثبوت ہے کہ سرمایہ کاروں نے سی ڈی اے کے زیر انتظام منعقدہ نیلام عام میں پلاٹس کی خریداری میں دلچسپی لے کے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ نیلامی میں مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹس اور دکانیں شفاف طریقہ کار کے مطابق سرمایہ کاری کیلئے اوپن آکشن کے زریعے نیلام کئے جارہے ہیں ، سہہ روزہ نیلام عام میں بلیو ایریا سمیت مختلف مراکز کے 46 پلاٹس اور دکانیں اوپن نیلام عام کیلئے پیش کئے گئے ہیں۔ چیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ممبر اسٹیٹ، طلعت محمود اور ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجنئیرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ اور ڈاکٹر خالد حفیظ نے اوپن نیلام عام کی ذاتی طور پر نگرانی کررہے تھے۔ اس کے علاوہ ممبر فنانس طاہر نعیم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جس میں ڈی جی ریسورس، ڈی جی بلڈنگ کنڑول، ڈی جی لاء اور دیگر افسران شامل ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کی آگاہی کیلئے سی ڈی اے نے انویسٹمنٹ ایکسپو کا جناح کنونشن سنٹر میں انعقاد کیا ہے۔ انویسٹمنٹ ایکسپو میں انوائرمنٹ ونگ، پلاننگ و ریسورس ونگ، ایم سی آئی، سپورٹس اینڈ کلچر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے انفارمیشن بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کی سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ، چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سرمایہ کار اور بزنس دوست اقدامات اٹھائے گئے ہیں جن میں شامل ایک ماہ کے اندر یکمشت ادائیگی پر 5 فیصد رعایت دی گئی ہے۔ واضح رہے امریکی ڈالر میں یکمشت ادائیگی میں 5 فیصد اضافی رعایت کی سہولت حاصل ہوگی۔ چیئرمین سی ڈی نے کہا کہ ہر قدم پر سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے فسلیٹیشن ٹیم رہنمائی کرے۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے خطاب کرتے ہوئے انویسٹرز اور بزنس کمیونٹی سے کہا کہ سب سے پہلے تو میں آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور انکا بھی جو مجھے آن لائن سن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی کمرشل پلاٹس کی اوپن آکشن میں بھرپور شرکت سی ڈی اے کی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے اور یہ اس بات کی دلیل ہے کہ سی ڈی اے منصفانہ اور شفاف طریقے سے نیلامی کے عمل کو لے کرچل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عرصہ ایک سال سے محنت اور لگن سے دن رات اسلام آباد شہر اور اسلام آباد کے شہریوں کی بہتری کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ہمارے منصوبے آنے والے ہیں اور کچھ تکمیلی مراحل میں ہیں ، چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کمرشل پلاٹس کی نیلامی کے پہلے روز سترہ ارب روپے کی ریکارڈ آکشن ہوئی ہے اور صرف آج کے دن تینتیس فیصد ریزرو ویلیو سے قیمت اوپر گئی ہے۔ یہ ساری باتیں اس بات کی وضاحت ہے کہ نیلامی کا عمل انتہائی شفاف طریقے سے کیا گیا ہے اور ہم میرٹ کے ساتھ کام کو آگے لے کر جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ نیلامی کے عمل کو شفاف بنانے کیلئے میرٹ کی بنیادوں پر کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاصل ہونے والی آمدنی اسلام آباد کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش سمیت شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے استعمال میں لائی جائے گی ، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ نیلامی کے پہلے روز بہترین اور شفاف اقدامات کی بدولت چھ کمرشل پلاٹس نیلام کئے گئے جن میں آئی چودہ کا پلاٹ تیرہ فیصد ریزرو ویلیو، بلیو ایریا کا پلاٹ پندرہ فیصد ریزرو ویلیو سمیت مجموعی طور پر ریزرو ویلیو تینتیس فی صد سے اوپر گئی ہے اور مجموعی طور پر سترہ ارب روپے کی ریکارڈ آکشن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے قلیل مدت میں نئے سیکٹرز لانچ کررہے ہیں تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ میں بزنس کمیونٹی، اسلام آباد چیمبر آف کامرس، اسٹاک ایکسچینج، ٹریڈرز، سول سوسائٹی سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس نیلامی کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے کہا کہ میں میڈیا اور پریس کلب کے تمام صحافیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے لمحہ بہ لمحہ کوریج کرکے آکشن کے عمل کو عوام تک پہنچاتے رہے ، چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے وژن کے عین مطابق شہر بھر میں ڈیجیٹل اسٹیمرز، ڈیجیٹل سکرینز سمیت پیپر لیس اور کیش لیس اکانومی کو فروغ دینے کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں.