پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کل لاہور میں کھیلا جائے گا، میچ کی تیاریوں کے لیے ٹیموں نے فلڈ لائٹس میں ٹریننگ کی، دونوں ٹیمیں اچھے نوٹ پر سیریز مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے ٹیموں نے بھر پور تیاری کی ہے، سیریز کے آخری معرکے میں دونوں جانب سے فائنل الیون میں چند چہرے بدلیں گے، لیکن حتمی اعلان ٹاس سے پہلے ہی ہوگا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 24 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں سے 12 میں گرین شرٹس کو کامیابی ملی تو آسٹریلیا نے 10 میچز جیتے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ایک میچ ٹائی اور ایک کا نتیجہ برآمد نہ ہو سکا۔
اعداد و شمار اپنی جگہ لیکن اس بات کا امکان ہے کہ سیریز کے آخری میچ بھی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ ہوگا۔
یہ میچ رات ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا۔ خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سیمی فائنل کے بعد دونوں ٹیمیں پھر سے اس فارمیٹ میں مدِ مقابل آئیں گی۔