اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )سی ڈی اے کے کمرشل پلاٹوں کا تاریخی اور شاندار نیلام عام تیسرے دن کامیابی سے اختتام پزیر ہوگیا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کمرشل پلاٹس کی شفاف نیلامی کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کی۔ کمرشل پلاٹس کے نیلام عام کے تیسرے دن بھی سرمایہ کاروں نے سی ڈی اے پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سرمایہ کاروں نے بلیو ایریا پارکنگ پلازہ میں دکانوں کی خریداری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور نیلامی کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ نیلام عام میں 8 کمرشل پلاٹس اور بلیو ایریا پارکنگ پلازے کی 4 دکانیں مجموعی طور پر 19.56 ارب روپے میں نیلام کی گئیں ، تفصیلات کے مطابق نیلام عام کے تیسرے دن بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی دکان نمبر 8A کو 14.57 کڑور، دکان نمبر 10A کو 14.32 کڑور، دکان نمبر 12A کو 14.67 کڑور جبکہ دکان نمبر 8C کو 9.43 کڑور میں نیلام کیا گیا ، مزید برآں نیلام عام کے دوسرے دن سیکٹر آئی چودہ مرکز میں واقع پلاٹ نمبر 20، پٹرول پمپ کیٹگری کو 1.64 ارب میں نیلام کیا گیا۔ جبکہ سیکٹر ایف الیون ون کا پلاٹ نمبر 1-E تقریباً 25.13 کروڑ میں نیلام کیا گیا۔
علاوہ ازیں نیلام عام کے پہلے دن بلیو ایریا (جی ایٹ) کا پلاٹ نمبر 13 تقریباً 7.24 ارب روپے میں نیلام ہوا۔ اسی طرح بلیو ایریا (جی ایٹ) کا پلاٹ نمبر 14 تقریباً 4.16 ارب روپے میں نیلام کیا گیا۔ جبکہ بلیو ایریا (جی ایٹ) کا پلاٹ نمبر 12 تقریباً 3.60 ارب روپے میں نیلام کیا گیا کمرشل پلاٹس کے اوپن نیلام عام کے پہلے روز سیکٹر آئی چودہ کا پلاٹ نمبر 3-A تقریباً 74.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔ اسی طرح آئی چودہ مرکز کا پلاٹ نمبر 3B کو 70.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔ جبکہ آئی چودہ مرکز کا ہی پلاٹ نمبر 10A کو 66.932 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا ، نیلام عام میں سرمایہ کاروں کی بھر پور شرکت اس بات کا مکمل ثبوت ہے کہ سرمایہ کاروں نے سی ڈی اے کے زیر انتظام منعقدہ نیلام عام میں پلاٹس کی خریداری میں دلچسپی لے کے اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ نیلامی میں مختلف کٹیگریز کے کمرشل پلاٹس اور دکانیں شفاف طریقہ کار کے مطابق سرمایہ کاری کیلئے اوپن آکشن کے ذریعے پیش کی گئیں ، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر ممبر اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجنئیرنگ سید نفاست رضا اور ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ نے اوپن نیلام عام کی ذاتی طور پر نگرانی کی ۔
اس کے علاوہ ممبر فنانس طاہر نعیم کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں ڈی جی ریسورس، ڈی جی بلڈنگ کنڑول، ڈی جی لاء اور دیگر افسران شامل تھے ، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کی آگاہی کیلئے سی ڈی اے نے انویسٹمنٹ ایکسپو کا جناح کنونشن سینٹر میں انعقاد کیا گیا تھا۔ انویسٹمنٹ ایکسپو میں انوائرمنٹ ونگ، ایم سی آئی، سپورٹس اینڈ کلچر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے انفارمیشن بوتھ قائم کئے گئے تھے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کو تمام ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھیں۔
واضح رہے سرمایہ کار اور بزنس دوست اقدامات میں شامل ایک ماہ کے اندر یکمشت ادائیگی پر 5 فیصد رعایت دی گئی ہے۔ اسی طرح سرمایہ کاروں کو امریکی ڈالر میں یکمشت ادائیگی میں 5 فیصد اضافی رعایت کی سہولت بھی حاصل ہوگی ، چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ہر قدم پر سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے سی ڈی اے کا فیسلیٹیشن سنٹر رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والی آمدنی اسلام آباد شہر کی تعمیر و ترقی، سیکٹر ڈیویلپمنٹ، روڈ انفراسکٹچر کی بہتری اور بیوٹیفکیشن پر خرچ کی جائے گی تاکہ اسلام آباد کو ایک جدید اور مثالی دارالحکومت بنانے میں مدد مل سکے گی.