اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے جمعرات کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں منعقدہ سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام (ایس ٹی پی) کی 41 ویں پاسنگ آئوٹ تقریب کے دوران انفارمیشن گروپ کے افسران میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے افسران کو تربیت مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور عوامی بیانیہ کی تشکیل اور قومی اداروں کو مضبوط بنانے میں پروفیشنل کمیونیکیٹرز کے اہم کردار پر زور دیا۔ تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروسز اکیڈمی عمرانہ وزیر نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی کے لئے پیشہ ورانہ تربیت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ابلاغ صرف ایک ذریعہ ہی نہیں بلکہ موثر طرز حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو اطلاعاتی نظام کے عصری تقاضوں کے مطابق سٹریٹجک کمیونیکیشن کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے یہ تربیتی پروگرام وضع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شرکا کو ریاستی میڈیا کے بارے میں عملی اور بہتر آگاہی کے لئے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)، ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز (ڈی ای ایم پی)، پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی)، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) اور سائبر ونگ سمیت اہم قومی اطلاعاتی اداروں کا دورہ کرایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افسران کو ڈیجیٹل میڈیا کی حکمت عملی، غلط معلومات کا مقابلہ کرنے، کرائسز کمیونیکیشن اور ثبوت پر مبنی پیغام رسانی کے ذریعے قومی بیانیہ کو فروغ دینے کی تربیت بھی دی گئی۔ ٹریننگ کوآرڈینیٹر رابعہ حبیب نے تربیتی پروگرام کے خدوخال اور تدریسی پہلوئوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور اساتذہ بالخصوص اسسٹنٹ پروفیسر جنید غوری کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کے دوران جن افسران میں اسناد تقسیم کی گئیں ان میں سیدہ حفصہاعجاز، سعیدہ شکیل اعوان، یمنہ رحمن مجتبیٰ، مینا عالم، نور مہد شیخ، شاہ فیصل، محمد کامران، پاکیزہ صدیق، محمد ابراہیم، ذوالفقار علی اور جنید احمد شامل تھے