اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے حوالے سے تحقیقات کا دائرہ وسیع

کراچی (شوبز رپورٹر )پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے حوالے سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، اور تفتیشی ادارے مختلف پہلوؤں سے معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں ، تحقیقات کے دوران تفتیشی حکام نے حمیرا اصغر کے فلیٹ کی چابیاں تحویل میں لے لی ہیں۔ حکام کے مطابق فلیٹ کے مرکزی دروازے کی تینوں چابیاں اندر سے برآمد ہوئی ہیں، جس نے واقعے کو مزید مشکوک بنا دیا ہے ، بلڈنگ انتظامیہ، چوکیدار اور اداکارہ کی سابقہ گھریلو ملازمہ کو تفتیش میں شامل کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ تمام افراد اکتوبر 2024 تک حمیرا اصغر سے کسی نہ کسی شکل میں رابطے میں تھے، جب کہ گھریلو ملازمہ رواں برس کے اوائل میں ملازمت چھوڑ چکی تھی۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حمیرا اصغر مالی مشکلات کا شکار تھیں۔ انہوں نے ستمبر 2024 میں اپنا آخری کمرشل شوٹ مکمل کیا تھا اور اکتوبر میں بھی کام سے متعلق مختلف افراد سے رابطے میں تھیں ، تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلیٹ کے باہر یا اطراف میں کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نصب نہیں، جس سے تحقیقات میں مشکلات پیش آ رہی ہیں ، مزید پیش رفت کے لیے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جب کہ اہل خانہ اور قریبی افراد سے بھی بیانات ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔