اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )ملک کے مختلف حصوں میں جاری سیلابی صورتحال کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹیلی کام آپریٹروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مواصلاتی خدمات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں اور ہنگامی صورتحال کے پیش نظر جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہوں ، منگل کوپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں سیلاب سے متاثرہ یا ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں میں ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے تحفظ، ضروری وسائل کی دستیابی، سروس میں تعطل کی فوری اطلاع اور عوام تک سیلاب سے متعلق معلومات کی فراہمی پر زور دیا گیا ہے۔
آپریٹروں کو کہا گیا ہے کہ وہ بنیادی خدمات کی فراہمی جاری رکھیں، تربیت یافتہ ٹیموں کو تعینات کریں۔ مقامی انتظامیہ سے رابطہ قائم کریں اور متاثرہ علاقوں میں صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنائیں۔اس حوالے سے پی ٹی اے کا نیشنل ایمرجنسی ٹیلی کمیونیکیشن کوآرڈینیشن سینٹر فعال کر دیا گیا ہے اور ہیڈکوارٹرز اورتمام زونل دفاتر میں رابطہ پوائنٹس قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ فوری رابطہ ممکن ہو سکے ، واضح رہے کہ پی ٹی اے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سروسز کی بحالی کے اقدامات کے حوالے سے عوام کو بروقت آگاہ کرتا رہے گا۔