اسلام آباد (کرائم رپورٹر)پاکستان کی تاریخ کا پہلا پولیس اسٹیشن آن ویلز فعال پولیس اسٹیشن آن ویلز پورے اسلام آباد کی حدود میں کام کرتے ہوئے ایف آئی آرز کا اندراج عمل میں لائے گا،یہ اسٹیشن پورے پاکستان کے کریمنل ریکارڈ ڈیٹا بیس سے منسلک ہے،پولیس اسٹیشن آن ویلز میں پولیس خدمت مرکز اور ٹریفک کی سروسز بھی مہیا کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے ویژن اور خصوصی دلچسپی جبکہ وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے پاکستان کی تاریخ کا پہلا “پولیس اسٹیشن آن ویلز “فعال کر دیا ،اس سلسلہ میں وزیر اعظم پاکستان نے وفاقی وزراءاور سینئر افسران کے ہمراہ سیف سٹی اسلام آباد میں ایک پروقار تقریب کے دوران “پولیس اسٹیشن آن ویلز “کا باقاعدہ افتتاح کیا،انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ اس پولیس اسٹیشن کی حدود پورا اسلام آباد ہوگا اور اسلام آباد کے کسی بھی تھانے کی حدود میں ایف آئی آر کا اندراج بھی کیاجائے گا،پولیس اسٹیشن آن ویلز کے قیام کا بنیادی مقصد گھریلو خواتین، دفاتر و مختلف اداروں میں کام کرنے والی خواتین اور بزرگ شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دو ماہ سے آن لائن پولیس سٹیشن کا ٹیسٹ رن چل رہا تھا اور اس کے ذریعے اب تک 07ہزار افراد کے مسائل بھی حل کئے جا چکے ہیںجبکہ آج 22 جولائی 2025 کو ایک خاتون کی پہلی ایف آئی آر کا اندارج بھی کیا گیا، آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ پولیس اسٹیشن آن ویلز کی انچارج ایک خاتون سب انسپکٹر مقرر کی گئی ہیںجو کسی بھی ایمرجنسی اور خصوصاًخواتین اور بزرگ شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے میل اور فی میل ریسپانڈر ز کے ہمراہ بروقت موقع پر پہنچیںگی جبکہ پولیس اسٹیشن آن ویلز کے ساتھ موٹرسائیکل ریسپانڈر کا ایک یونٹ بھی کام کرتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ اس جدید پولیس اسٹیشن آن ویلز میں 12 مختلف سافٹ وئیرز کو یکجا کیا گیا ہے،مزید اس کے اند موثر نگرانی کے لئے سیف سٹی کیمروں کا ایک جدید نظام بھی نصب کیا گیا ہے.
جبکہ وہیکل ٹریکر، آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی اے این پی آر اور خودکار شناخت کا نظام بھی موجود ہے،پولیس اسٹیشن آن ویلز پورے پاکستان کے کریمنل ریکارڈ ڈیٹا بیس سے بھی منسلک ہے،اس میں ڈیجیٹل ایف آئی آرزکے اندراج کے ساتھ باقی تمام تھانہ جات کے رجسٹرز کی تکمیل بھی کی جاسکتی ہے،آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ پولیس اسٹیشن آن ویلز میں پولیس خدمت مرکز اور ٹریفک کی سروسز بھی مہیا کی گئی ہے،شہری کریکٹر سرٹیفکیٹ،پولیس ویری فیکیشن،گھریلو ملازمیں و کرایہ داری اندارج سمیت ڈرائیونگ لائسنس لرنر اور ڈرئیونگ لائسنس کی تجدید بھی کروا سکتے ہیں.