گجرانوالہ زون میں ایف آئی اے کی کھلی کچہری ڈائریکٹر نے مسائل سنے

اسلام آباد (کرائم رپورٹر) ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کی زیر صدارت ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور انسانی اسمگلنگ، امیگریشن، کرپشن و دیگر جرائم سے متعلق اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں، ڈائریکٹر ایف آئی اے نے شہریوں کی شکایات سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری، شفاف اور قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کیں، ڈائریکٹر گجرانوالہ زون نے واضح کیا کہ ایف آئی اے عوامی شکایات کے ازالے کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے.

ڈائریکٹر عبدالقادر قمر نے کہ”شہریوں کی دادرسی ہمارا ادارہ جاتی فرض ہے۔ ایف آئی اے کے دروازے عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور اس قبیح عمل میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے مزید کہا کہ ایف آئی اے ہر متاثرہ شہری کو قانونی معاونت اور تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی، اور عوام سے انسانی سمگلنگ جیسے سنگین جرائم کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے،شہریوں نے ایف آئی اے کی اس کاوش کو سراہا اور ادارے پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے یقین دہانی کرائی کہ کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام اور ادارے کے درمیان براہِ راست رابطے کو فروغ دیا جا سکے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے حل میں تاخیر یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ایف آئی اے کی اولین ترجیحات میں شفافیت اور قانون کی عملداری شامل ہیں،اگر کسی افسر یا اہلکار کا رویہ غیر پیشہ ورانہ ہو یا تعاون نہ کرے، تو شہری براہِ راست شکایت درج ذیل ذرائع سے ڈائریکٹر گجرانوالہ زون سے رابطہ کر سکتے ہیں.