لاہور (شوبز رپورٹر) پاکستانی اداکارہ اور ماڈل کومل میر نے حالیہ دنوں اپنے چہرے میں آنے والی تبدیلی سے متعلق فلرز یا کاسمیٹک سرجری کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت دی ہے کہ یہ تبدیلی صرف وزن بڑھنے کی وجہ سے ہے کومل میر، جنہوں نے ’’مس ویٹ پاکستان‘‘ کے ذریعے شوبز میں قدم رکھا، ابتدا میں اپنی دبلی پتلی جسامت اور معصوم چہرے کی بدولت مداحوں میں مقبول ہو گئی تھیں۔ تاہم حالیہ تصاویر میں ان کا چہرہ خاصا مختلف دکھائی دیا، جس پر سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں کہ شاید انہوں نے فلرز کروائے ہیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں کومل نے وضاحت دی کہ وہ ہمیشہ انڈر ویٹ رہی ہیں اور ماضی میں ایٹنگ ڈس آرڈر کا شکار بھی رہی ہیں۔ ان کے بقول، وہ جب فلمی دنیا میں آئیں تو انہیں مشورہ دیا گیا کہ بڑی اسکرین پر بہتر نظر آنے کے لیے تھوڑا صحت مند دکھائی دینا ضروری ہے۔ اس مشورے پر عمل کرتے ہوئے انہوں نے تقریباً چھ کلو وزن بڑھایا، جو زیادہ تر ان کے چہرے پر نظر آیا کومل نے کہا کہ جیسے ہی ان کی نئی تصاویر سامنے آئیں، لوگوں نے فلرز کی افواہیں پھیلانا شروع کر دیں، حالانکہ حقیقت صرف یہ ہے کہ وزن بڑھنے سے چہرہ بھرا بھرا دکھائی دینے لگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے چہرے پر کوئی کاسمیٹک عمل نہیں کروایا۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر تنقید کا سامنا ضرور ہوا، لیکن وہ ایسی باتوں پر توجہ نہیں دیتیں اور اپنی زندگی اپنے اصولوں کے مطابق گزار رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ماضی میں دُبلے پن کے باعث بھی انہیں تنقید اور شکوک و شبہات کا سامنا رہا، لیکن اب وہ اپنے موجودہ روپ سے مطمئن اور زیادہ پراعتماد ہیں۔