عالمی برادری بھارت کو کشمیریوں پر مظالم کا ذمہ دار ٹھہرائے، انصاف کے عالمی ادارے فوری کارروائی کریں.مشعال ملک

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)جیل میں بند کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی انصاف کے فورمز فوری طور پر بین الاقوامی قانون کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بھارتی حکومت کو اس کے غیر قانونی اقدامات پر سزا دیں۔ اتوار کو اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں مشعال ملک نے انصاف کے بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کو فوری طور پر سزا دی جائے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والا منظم جبر اور تشدد خطے کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی ایک منظم سازش ہے۔

انہوں نے متنبہ کیا کہ اس ڈیموگرافک انجینئرنگ کا مقصد مقامی آبادی کو پسماندہ کرنا اور ان کی ثقافتی شناخت کو مٹانا ہے جو بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔مشعال ملک نے خطے کی معیشت کو پہنچنے والے شدید نقصان پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ پھلوں کی فصلوں اور زرعی شعبے کو بھاری نقصانات کا سامنا ہے جو مقامی ذریعہ معاش کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاری تنازعات اور عسکریت پسندی نے صحت کی خدمات اور تعلیمی نظام کو بھی تباہ کر دیا ہے جس سے مقامی آبادی کو بنیادی حقوق اور مواقع سے محروم کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ بھارت کی تباہ کن پالیسیاں نہ صرف کشمیر کے سماجی تانے بانے کو اپاہج کر رہی ہیں بلکہ خطے کے طویل مدتی استحکام کیلئے بھی خطرہ ہیں اور اسے عالمی برادری سے الگ تھلگ کر رہی ہیں۔انہوں نے بین الاقوامی فورمز اور تنظیموں کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ ان خلاف ورزیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے میں ناکامی عالمی نظام کی ساکھ کو مجروح کرتی ہے۔ مشعال ملک نے خبردار کیا کہ اس طرح کی بے حسی انصاف اور انسانی حقوق پر قائم عالمی نظام کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے فوری اور ٹھوس کارروائی پر زور د دیتے ہوئے کہا کہ عالمی انصاف کے طریقہ کار کے ذریعے ہی غیر قانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں امن، استحکام اور انسانی وقار کا احترام بحال کیا جا سکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یاسین ملک سمیت تمام حریت رہنماؤں کی آوازوں کو منظم جبر اور قید و بند کے ذریعے خاموش کر دیا گیا ہے، جس سے کشمیری عوام جاری مظالم کے سامنے بے آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری بھارتی ظلم و جبر کے خاتمہ ، انصاف کو برقرار رکھنے اور انسانی حقوقق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے.