یونیورسٹی ٹاؤن راولپنڈی کے متاثرین کی اپیل پر سماعت 8 اگست کو لاہور میں ہوگی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) حکومت پنجاب کے ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (HUD&PHE) ڈیپارٹمنٹ نے یونیورسٹی ٹاؤن راولپنڈی کے متاثرین کی طرف سے ڈی جی آر ڈی اے (RDA) کے مورخہ 30 جون 2025 کو جاری کردہ حکم کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کے لیے تاریخ مقرر کر دی ہے۔سرکاری اعلامیے کے مطابق، یہ سماعت جمعہ، 8 اگست 2025 کو صبح 10:30 بجے سیکریٹری، HUD&PHE کی زیر صدارت لاہور کے 2-لیک روڈ پر واقع دفتر میں منعقد ہوگی۔

اس حوالے سے باقاعدہ طور پر نوٹس متاثرہ فریق، عاشیق حسین اور دیگر، بذریعہ ان کے وکیل چوہدری سرفراز احمد چدھڑ ایڈووکیٹ کو جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹس میں تمام متعلقہ فریقین، بشمول ڈی جی آر ڈی اے راولپنڈی اور یونیورسٹی ٹاؤن (پرائیویٹ) لمیٹڈ، کو مکمل ریکارڈ کے ساتھ مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر پیش ہونے کی ہدایت دی ۔نوٹس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ متعلقہ ادارے، خاص طور پر یونیورسٹی ٹاؤن کی انتظامیہ، سماعت میں شرکت یقینی بنائیں اور تمام دستاویزی شواہد ساتھ لائیں۔

یہ اقدام متاثرین کی جانب سے دائر کردہ اپیل کی روشنی میں لیا گیا ہے تاکہ قانونی تقاضوں کے مطابق ان کے تحفظات کو سنا جا سکے۔ یاد رہے کہ اپیل ڈی جی آر ڈی اے کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہے جو 30 جون 2025 کو جاری کیا گیا تھا ذرائع کے مطابق، یہ سماعت متاثرہ شہریوں کے لیے انصاف کی امید کی ایک نئی کرن بن کر سامنے آئی ہے، محکمہ کے سیکشن آفیسر (H-III) کی جانب سے دستخط شدہ یہ نوٹس 31 جولائی 2025 کو جاری کیا گیا۔