اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی )نے جولائی 2025 میں 4,065 کمپنیوں کی ریکارڈ رجسٹریشن کے ساتھ ایک تاریخی سنگِ میل حاصل کیا ہے ، اب تک کی سب سے زیادہ ماہانہ کمپنیوںکی رجسٹریشن کی گئی ہے اور مئی 2025 میں قائم کیے گئے 3,609 کمپنیوں کا گزشتہ ریکارڈ بھی پیچھے رہ گیا۔رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں سے 99.9 فیصد کی رجسٹریشن ڈیجیٹل طریقے سے مکمل کی گئی جس کے بعد پاکستان میں کل رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 2,62,309 ہو گئی ہے۔جولائی 2025 میں کمپنیوں کا کل ادا شدہ سرمایہ 49.6 لاکھ روپے رہا۔
ایس ای سی پی کے مطابق نئی رجسٹرڈ ہونے والی کمپنیوں میں سے 57 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں تھیں جب کہ 39 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں رجسٹر ہوئیں باقی 4 فیصد میں پبلک ان لسٹڈ کمپنیاں، غیر منافع بخش تنظیمیں(این جی اوز)، گارنٹی کے تحت محدود کمپنیاں اور لمیٹڈ لائیبلٹی پارٹنرشپس(ایل ایل پیز) شامل تھیں۔انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبے 862 نئی رجسٹریشنز کے ساتھ سرفہرست رہے اس کے بعد ٹریڈنگ (530)، سروسز (468) اور رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ و تعمیرات (398) کے شعبے شامل تھےدیگر سرگرم شعبوں میں سیاحت و ٹرانسپورٹ میں (295)، خوراک و مشروبات (203)، تعلیم (148)، مارکیٹنگ و اشتہارات (98)، مائننگ و کوارئنگ (95)، ٹیکسٹائل (91)، دواسازی (86)، زرعی کاشتکاری (74)، انجینئرنگ (64)، کاسمیٹکس و ٹوائلٹریز (59)اور کیمیکل و ہیلتھ کیئر (56) کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی۔ اس کے علاوہ 482 کمپنیاں دیگر مختلف شعبوں میں رجسٹر ہوئیں جن میں فیول و انرجی، سیکشن 42 کے تحت غیر منافع بخش ادارے، آٹو اور اس سے متعلقہ صنعتیں، پاور جنریشن اور کمیونیکیشن شامل ہیں۔
غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی مثبت رجحان رہا اور 96 نئی رجسٹرڈ کمپنیوں کو مختلف ممالک سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ حاصل ہوا۔مارکیٹ تک رسائی اور مالی شمولیت کو فروغ دینے کی کوششوں کے تحت ایس ای سی پی نے ِ جولائی کے مہینے کےدوران مختلف ریگولیٹری شعبوں میں کل 60 لائسنس جاری کیے۔ ان میں کیپیٹل مارکیٹس کے لیے پانچ، انشورنس کے لیے ایک، نان بینکنگ فنانشل کمپنیوں کے لیے دو اور غیر سرکاری ادارےکے لیے (52) لائسنس شامل تھے۔
حالیہ رجسٹرارز کانفرنس کے بعد ایس ای سی پی نے کاروباری افراد میں کمپنی رجسٹریشن کے فائدوں کے بارے میں ایک آگاہی مہم شروع کی ہے۔ ایس ای سی پی سے رجسٹریشن کے بعد کمپنیوں کو محدود ذمہ داری، الگ قانونی شناخت، کاروبار کی ساکھ میں اضافہ، کاروبار کو بڑھانے میں آسانی، مسلسل چلنے والا نظام، بہتر انتظام، ٹیکس میں سہولت، قرض یا سرمایہ حاصل کرنے میں آسانی اور برانڈ کے تحفظ کے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ایس ای سی پی کاروباری مواقع کے فروغ، سرمایہ کاری کے حصول اور پائیدار معاشی ترقی کی حمایت کے لیے اپنے ڈیجیٹل نظام کو مضبوط بنانے اور ریگولیٹری عمل کو آسان بنانے کے لیے پرعزم ہے.