چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا 78ویں دستور ساز اسمبلی کی سالگرہ پر پیغام: آئین کی حکمرانی اور جمہوریت ہی قومی ترقی کی ضمانت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےکہا ہے کہ آئین کی حکمرانی، جمہوریت کا تسلسل اور پارلیمانی نظام کی مضبوطی ہی قومی یکجہتی، پائیدار ترقی اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ پاکستان کی دستور ساز اسمبلی کے قیام کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 10 اگست 1947ء کو دستور ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ بانیانِ پاکستان کی بصیرت، جمہوری سوچ اور عوامی خواہشات کی عملی تعبیر تھا۔

یہ دن ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو آج بھی ہمیں جمہوری روایات اور آئینی اصولوں کی پاسداری کا درس دیتا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کی شمولیت اور پارلیمانی عمل سے واقفیت جمہوریت کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے سینیٹ سیکرٹریٹ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، شفافیت کے فروغ اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جب تک آئینی ادارے مضبوط، بااختیار اور فعال نہیں ہوں گے، ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالا آئین و قانون کی پاسداری اور جمہوری اصولوں کی روشنی میں اپنی آئینی و قومی ذمہ داریاں ادا کرتا رہے گا۔