این ڈی ایم اے نے پاکستان اسکول سیفٹی فریم ورک تعلیمی اداروں کے حوالے کر دیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر): نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پاکستان اسکول سیفٹی فریم ورک (PSSF) وفاقی اور صوبائی تعلیمی اداروں کے حوالے کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ممبر ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن این ڈی ایم اے، محمد ادریس محسود نے کی۔

اجلاس میں این ڈی ایم اے نے باضابطہ طور پر PSSF متعلقہ اداروں کو مقامی سطح پر اپنانے کے لیے دیا اور ایک جامع تکنیکی و مانیٹرنگ میکنزم پر اتفاق کیا گیا تاکہ فریم ورک پر قومی سطح پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے ایک ٹیکنیکل ورکنگ گروپ تشکیل دیا گیا ہے جس کی مشترکہ قیادت این ڈی ایم اے اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت (MoFE&PT) کریں گے، جب کہ اس میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (PDMAs) اور تعلیمی محکمے بھی شامل ہوں گے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ تمام شراکت دار مستقبل کی تمام اسکول سیفٹی سرگرمیوں کے لیے موجودہ PSSF کو ہی واحد حوالہ دستاویز کے طور پر استعمال کریں گے۔ یہ فریم ورک ایک قومی سطح پر تیار کردہ، اسٹیک ہولڈرز کا متفقہ اور زندہ دستاویز تصور کیا جاتا ہے۔ فریم ورک کے تحت تیار کردہ “PSSF ای-چیک لسٹ” کو اسکولوں کے ڈیزاسٹر ریزیلینٹ آڈٹ کے لیے ایک موثر اور سمارٹ ٹول قرار دیا گیا، جو وسائل کے درست استعمال اور دُہرے کام سے بچاؤ میں معاون ہے۔

اجلاس میں وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت، فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (FDE)، صوبائی تعلیمی ادارے، گلگت بلتستان و صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، بیسک ایجوکیشن کمیونٹی اسکولز (BECS)، سندھ اسکول ایجوکیشن و لٹریسی ڈیپارٹمنٹ، خیبر پختونخوا ایلیمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، بلوچستان اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان کے علاوہ یونیسف، سیو دی چلڈرن، یو این ایف پی اے، پی پی اے ایف اور گلوبل الائنس فار ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ ریزیلینس ان ایجوکیشن سیکٹر (GADRRRES) کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے PSSF پر عملدرآمد کو پاکستان بھر میں محفوظ تعلیمی ماحول کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔