پاکستان کے مختلف حصے اس وقت شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ڈاکٹر مصدق ملک

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان کے مختلف حصے اس وقت شدید بارشوں اور تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں صورتِ حال نہایت تشویش ناک ہے۔ان علاقوں سے دل دہلا دینے والی خبریں اور مناظر ہمارے سامنے آ رہے ہیں میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ جن عزیزوں کو ہم کھو بیٹھے ہیں، اُن کا صدمہ صرف متاثرہ خاندانوں تک محدود نہیں بلکہ پوری قوم اس دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ بے گھر ہونے والے افراد کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ حکومتِ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اُن کے ساتھ ہے اور ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

وزارتِ موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر شراکت دار اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون میں مصروف ہے اور ہر ممکن امداد اور وسائل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے یہ وقت قومی یکجہتی کا ہے۔ حکومت اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم اپنی تمام تر توانائیاں اور وسائل متاثرہ آبادیوں کی بحالی اور حفاظت کے لیے وقف رکھیں گے، اور اس مشن کو اُس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ہر متاثرہ فرد محفوظ اور باعزت زندگی کی طرف واپس نہ لوٹ آئے.