وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا ملک میں حالیہ بارشوں پر سیلاب کی صورتحال کے جائزے کیلئے ہنگامی اجلاس

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے بالائی علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وزیرِ اعظم کو فلیش فلڈز سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز سے آگاہ کیا۔

وزیرِ اعظم نے NDMA کو ہدایت دی کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے ریسکیو و ریلیف آپریشنز میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری مدد اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اور اس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیرِ اعظم نے واضح ہدایات جاری کیں کہ خیبر پختونخوا حکومت کو خیمے، ادویات، اشیاء خورونوش اور دیگر ضروری امدادی سامان ترجیحی بنیادوں پر فراہم کیا جائے، اور یہ سامان فوری طور پر ٹرکوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے سیلاب میں پھنسے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو نقصانات کی تفصیلات اور جاری امدادی کارروائیوں پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں حالیہ قدرتی آفت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مکمل وفاقی تعاون کا یقین دلایا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت، خیبر پختونخوا حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی اور متاثرہ علاقوں میں خیمے، ادویات اور خوراک فوری طور پر فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین تنہا نہیں، پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔