خیبرپختونخوا میں سیلاب کے باعث جانی نقصان، صوبائی حکومت کا کل یوم سوگ منانے کا اعلان

پشاور (سٹاف رپورٹر )باجوڑ، بٹگرام اور بونیر سمیت صوبے کے دیگراضلاع میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف حادثات کے نتیجے میں ہونے والی جانی و مالی نقصانات پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا اظہار افسوس، وزیر اعلی نے ان حادثات میں متعدد افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا، خیبرپختونخوا حکومت نے سیلاب کے باعث ہونے والے جانی نقصان کے باعث کل یوم سوگ منانے کا اعلان کردیا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، وزیر اعلی نے ان واقعات میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت متاثرین کے ساتھ ہے، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی بھر پور معاونت کی جائے گی وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں، سیلابی ریلوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں، لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ رہیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت رسپانس اور لوگوں کو محفوظ بنانے کے لئے پیشگی انتظامات یقینی بنائے جائیں علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان لے جاتے ہوئے خراب موسم کے باعث کریش کرگیا۔

اس سانحے پر صوبائی حکومت نے کل صوبے میں سوگ کا اعلان کیا ہے اور قومی پرچم سرنگوں رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔