بھارتی اداکارہ عالیہ بھٹ فوٹوگرافرز پر برہم،عمارت سے نکال دیا

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )بالی وڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ ایک بار پھر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں، لیکن اس بار وجہ ان کی فلم یا ذاتی زندگی نہیں بلکہ فوٹوگرافرز کے ساتھ پیش آیا ایک ناخوشگوار واقعہ تھا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، عالیہ بھٹ ایک رہائشی عمارت میں داخل ہوتے وقت فوٹوگرافرز پر اس وقت برہم ہوگئیں جب وہ ان کے پیچھے اندر آنے لگے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب اداکارہ pickleball کھیلنے کے لیے ایک تقریب میں جا رہی تھیں، جو ایک نجی رہائشی عمارت میں منعقد کی گئی تھی۔ جیسے ہی عالیہ اپنی گاڑی سے اتریں اور گیٹ کی طرف بڑھیں، کچھ فوٹوگرافرز ان کے قریب آ گئے۔ رپورٹ کے مطابق، فوٹوگرافرز ان کے پیچھے عمارت کے اندر داخل ہونے لگے، جس پر اداکارہ نے فوری ردعمل ظاہر کیا۔

عالیہ بھٹ نے سخت لہجے میں کہا: ’’آپ باہر جائیں، گیٹ کے اندر نہیں آئیں، یہ آپ کی بلڈنگ نہیں ہے، گیٹ سے باہر جاؤ‘‘۔ ان کی آواز اور انداز سے واضح تھا کہ وہ اس صورتحال پر سخت ناراض ہیں۔ اداکارہ نے یہ جملے کہنے کے بعد خود دروازہ بند بھی کر دیا تاکہ فوٹوگرافرز مزید اندر نہ آ سکیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالیہ بھٹ اپنی پرائیویسی کے حوالے سے کافی حساس ہیں اور کئی بار میڈیا نمائندوں سے گزارش کر چکی ہیں کہ رہائشی یا نجی مقامات پر تصاویر نہ بنائی جائیں۔

یاد رہے کہ عالیہ بھٹ اس وقت بالی وڈ کی مصروف ترین اداکاراؤں میں شامل ہیں اور حال ہی میں ان کی کئی فلمیں باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کر چکی ہیں۔