یومِ آزادی پر قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے قوم کو دل سے مبارکباد

لاہور (سپورٹس رپورٹر ) یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پوری قوم کو دلی مبارکباد دی ہے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں ون ڈے کپتان محمد رضوان، ٹی ٹوئنٹی کپتان سلمان علی آغا، سابق کپتان بابر اعظم سمیت ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں اور آفیشلز نے قوم سے حب الوطنی، اتحاد اور قربانیوں کو یاد رکھنے کی اپیل کی محمد رضوان نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا، جبکہ سلمان آغا نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

بابر اعظم نے اپنے پیغام میں کہا، ’’14 اگست وہ دن ہے جس نے ہمیں ایک آزاد ملک کی پہچان دی، ہمیں چاہیے کہ اس دن کی قدر کریں اور ملک کی بہتری کے لیے متحد رہیں۔‘‘یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں روایتی جوش و جذبے کے ساتھ تقریبات منائی گئیں۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جب کہ فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔