خیبر پختونخواہ میں شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 214 افراد جانبحق – این ڈی ایم اے کی امدادی سرگرمیاں جاری

پشاور (سٹاف رپورٹر )وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی اعلیٰ سطحی ٹیم امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے پشاور پہنچ گئی ہے۔ این ڈی ایم اے خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ساتھ مکمل تعاون میں مصروف ہے، اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے گزشتہ شام چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیر اعظم کو موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی، جس میں نقصانات، جاری امدادی سرگرمیوں اور مستقبل کے خطرات سے آگاہ کیا گیا۔

این ڈی ایم اے نے بتایا ہے کہ وہ تمام سول و عسکری اداروں سے مکمل رابطے میں ہے اور امدادی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پاک آرمی، پی ڈی ایم اے اور مقامی رضاکار ٹیمیں متحرک ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی آپریشن جاری ہے تفصیلات کے مطابق حالیہ شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں خیبر پختونخواہ کے مختلف اضلاع میں 214 افراد جانبحق ہو چکے ہیں جبکہ 21 افراد زخمی اور 55 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے ادھر محکمہ موسمیات نے شمالی علاقہ جات میں آئندہ 5 تا 6 دنوں کے دوران مزید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ اس حوالے سے حکام کی جانب سے عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے حکام نے سیاحوں سے خصوصی طور پر اپیل کی ہے کہ وہ شمالی علاقہ جات کی جانب سفر مؤخر کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر اقدامات یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔