اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اہم اجلاس میں اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبوں، ماحولیاتی بہتری اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو بہتر بنانے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، اور ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ نے شرکت کی چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو وقت پر مکمل کیا جائے، تاکہ اسلام آباد کی ترقی و خوبصورتی کو یقینی بنانے کے ساتھ شہریوں کو بہترین رہائشی ، تفریحی و سیاحتی سہولیات فراہم ہو سکیں۔
اجلاس میں شہر کی خوبصورتی کو فروغ دینے کیلئے بیوٹیفکیشن کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حوالے سے شہر کے اہم مقامات پر لینڈ اسکیپنگ اور گرین ایریاز کو مزید وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں، سی ڈی اے نرسری کو گارڈینا ہب میں تبدیل کرنے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا، جس سے نہ صرف شہر میں گرین ایریا کو مزید فروغ ملے گا بلکہ شہریوں کو معیاری تفریحی مقام سمیت پودے اور پھول بھی مل سکیں گے اجلاس میں پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے جامع حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہریوں کو پانی کی بہتر سہولت فراہم کرنے کیلئے نئے اقدامات متعارف کرائے جائیں گے، جن میں واٹر سپلائی لائنز کی بحالی اور زیر زمین پانی کے ذخائر کا تحفظ شامل ہے اجلاس میں ماحولیات کے تحفظ کیلئے ماحول دوست شجر کاری مہم کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے رواں سال شجرکاری مہم کے دوران اسلام آباد میں موجود تمام پارکس سمیت ایسی جگہوں پر درخت لگا نے کو ترجیح دے رہا ہے جہاں ان کی مکمل نگہداشت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور تمام غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کو ہٹانے کیلئے آپریشنز جاری رکھے جائیں گے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور اس حوالے سے مقررہ مدت میں منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سی ڈی اے کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ اسلام آباد کو ایک صاف ستھرا، خوبصورت اور ترقی یافتہ شہر بنایا جاسکے.