آرمی فلڈ ریلیف آپریشن: پاک فوج کی ٹیم 8 کلومیٹر پیدل چل کر نیل بان پہنچی، میڈیکل کیمپ قائم، متاثرین کو فوری امداد فراہم

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)آرمی فلڈ ریلیف آپریشن کے تحت پاک فوج کی ریلیف ٹیم نیل بان پہنچ گئی۔خیبر پختونخوا میں آرمی فلڈ ریلیف آپریشن کے تحت مانسہرہ، نیل بان اور بٹگرام کےسیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں ،سیلاب سے متاثرہ علاقے کے عوام کی اطلاع پر پاک فوج کی ریلیف ٹیم نیل بان روانہ کی گئی،خراب راستے کی وجہ سے ریلیف ٹیم کو پیدل 8 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے متاثرہ علاقے تک پہنچنا پڑا،جائے وقوعہ پر ٹیم نے زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی،زخمیوں میں ایک بچہ اور ایک بالغ شامل ہیں،زخمیوں کی حالت کے پیش نظر انہیں فوری طور پر رورل ہیلتھ کلینک چھتر پلین منتقل کیا گیا۔

متاثرہ علاقے میں پاک فوج کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا،مجموعی طور پر 100 سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں،امداد میں ادویات، ابتدائی طبی امداد اور کھانے پینے کی اشیاء شامل ہیں،سب سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کو دودھ اور کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی گئیں۔خراب موسم، مسلسل لینڈ سلائیڈنگ اور ناقابل رسائی راستوں سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے،پاک فوج کی ٹیم نے واپسی کے دوران روڈ کلیئرنس کا کام بھی انجام دیا اور ریلیف ٹیم واپس گورنمنٹ ہائی اسکول چھتر پلین پہنچ گئی۔مقامی افراد نے پاک فوج کی بروقت آمد اور موثر امداد پر اظہار تشکر کیا اور پاک فوج کے انسانی ہمدردی پر مبنی اقدامات کو سراہا۔