ارلی وارننگ سسٹمز اور نیٹ ورک کنیکٹیویٹی پر اہم اجلاس، بین الوزارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (سٹاف رپور ٹر)وزیرِاعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر ارلی وارننگ سسٹمز اور نیٹ ورک کنیکٹیویٹی سے متعلق اہم کولیبریشن میٹنگ منعقد ہوئی، جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزہ فاطمہ خواجہ اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کی اجلاس میں سیکرٹری آئی ٹی، سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، پاور ڈویژن، چیئرمین پی ٹی اے، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، محکمہ موسمیات، میٹ ڈیپارٹمنٹ اور اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (SCO) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس میں ارلی وارننگ سسٹمز اور نیٹ ورک کنیکٹیویٹی سے متعلق درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اطلاعات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مضبوط بین الاداراتی روابط ناگزیر ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مختلف اداروں کے مابین کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل ممکن بنایا جا سکے۔ شرکاء نے اداروں کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ، تکنیکی معاونت اور وسائل کے اشتراک کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا وزرائے کرام نے کہا کہ حکومت عوامی تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے، اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع کا نظام بہتر بنایا جا رہا ہے اجلاس کے اختتام پر آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر بھی غور کیا گیا، جو ارلی وارننگ سسٹمز کی بہتری اور نیٹ ورک کنیکٹیویٹی کو وسعت دینے کے لیے تجاویز پیش کرے گا۔