چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے دوران تیاریوں اور فوری رسپانس پر اہم جائزہ اجلاس منعقد

اسلام آبا د(سٹاف رپور ٹر) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت مون سون بارشوں کے دوران تیاریوں اور فوری رسپانس کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انجنئیرنگ سید نفاست رضا، ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبد الرحمٰن کیپیٹل ایمرجنسی سروسز سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی اجلاس میں سیدپور ویلیج، چھٹہ بختاور سمیت دیگر نشیبی علاقوں کے حالیہ دوروں کے مشاہدات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ایمرجنسی سروسز نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ جاری مون سون سیزن کے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے 8 چینی ماہرین کی نگرانی میں 26 اگست سے ایمرجنسی عملے کی خصوصی تربیتی مشقوں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ان تربیتی مشقوں میں تیز رفتار پانی میں بچاؤ کے جدید طریقوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ مون سون کے دوران پیش آنے والے ہنگامی حالات سے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے اور شہریوں کو تیز بارشوں کے دوران ہرممکن مدد اور سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ایمرجنسی سروسز نے اسلام آباد میں ایمرجنسی سروسز کی بہتری کے حوالے سے جاری متعدد اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو جدید ترین معیار پر لانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، جس میں جدید آلات کی تنصیب اور عملے کی صلاحیتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کیپٹل ایمرجنسی سروسز کے افسران و ملازمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایات جاری کیں کہ مون سون کے دوران ممکنہ شدید بارشوں کی صورت میں ایمرجنسی عملے اور تمام متعلقہ محکموں کی پیشگی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر ضروری سامان اور وسائل پہلے سے تیار رکھے جائیں اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ہر قسم کی تیاریاں مکمل کی جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ عملے اور جدید مشینری کی فیلڈ میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے شہر کے تمام حساس اور نشیبی مقامات پر چوبیس گھنٹے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام فوری طور پر کئے جائیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 اور ایمرجنسی ہیلپ 1334 لائن سے رجوع کریں.