لاہور (کرائم رپورٹر) موٹروے پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مشترکہ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایم-2 موٹروے پر سیال موڑ کے قریب ایک مشکوک گاڑی (LE-7342) کو روکا گیا، جس سے 2 کلوگرام آئس منشیات اور 103 رول کپڑا برآمد ہوا، ملزمان فرار ہونے کی کوشش میں کھیتوں کی طرف بھاگے تاہم انہیں تعاقب کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ہونے والے افراد کی شناخت شاکر خان ولد عبد القدوس اور سلیم خان ولد کرامت خان کے نام سے ہوئی ہے، دونوں کا تعلق نوشہرہ سے ہے، کارروائی کے بعد ملزمان اور برآمد شدہ منشیات کو اے این ایف تھانہ جوہر ٹاؤن لاہور کے حوالے کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے.
