کراچی (سٹاف رپورٹر)نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے سندھ کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید موسلادھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں 50 سے 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں اور ناقص نکاسی آب کی وجہ سے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور میرپورخاص میں شہری سیلاب کی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔ علاوہ ازیں، ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور دادو کے اضلاع میں اچانک سیلاب کا خطرہ بھی لاحق ہے۔
دریائے سندھ اور اس کی معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے سے نچلے علاقوں میں طغیانی پیدا ہونے کا امکان ہے۔ مرکزی شاہراہوں اور مقامی سڑکوں کے زیر آب آنے سے آمدورفت میں شدید خلل پڑ سکتا ہے، جب کہ بجلی اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں تعطل کا دورانیہ بڑھنے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے،نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں سے قیمتی اشیاء اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں، اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کھانے، پانی، ادویات اور فرسٹ ایڈ کٹ سمیت ضروری سامان تیار رکھیں،مزید برآں، شہریوں کو برقی آلات کے استعمال میں احتیاط برتنے، زیرآب سڑکوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے.