38ویں سینیئر مینجمنٹ کورس کے افسران کی وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی، ڈاکٹر مصدق ملک نے آج 38ویں سینیئر مینجمنٹ کورس کے افسران سے ایک تفصیلی نشست کی اس موقع پر وفاقی وزیر نے شرکاء کو پاکستان کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جاری تخفیفی اور موافقتی اقدامات سے آگاہ کیا، بالخصوص زراعت اور غذائی تحفظ کے حوالے سے۔ انہوں نے وزارت کے تحت جاری مختلف اقدامات پر روشنی ڈالی جو موسمیاتی طور پر حساس شعبہ جات میں لچک کو بڑھانے اور بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے پائیدار غذائی نظام کو یقینی بنانے پر مرکوز ہیں۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے پانی کی کمی اور کم پانی پیداواریت کے سنگین مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسائل براہِ راست قومی غذائی تحفظ سے جُڑے ہیں۔ انہوں نے مؤثر اور اختراعی مقامی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پانی کے استعمال میں بہتری اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے گفتگو کے دوران تحصیل اور ضلعی سطح پر ایسے عملی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا جن کے ذریعے موافقت میں اضافہ ممکن ہو سکے۔ وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ مقامی انتظامیہ اور کمیونٹیز اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کر سکتی ہیں، جس سے قومی سطح پر موسمیاتی تبدیلی اور غذائی تحفظ کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی.