ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کے شہر ممبئی میں حالیہ موسلا دھار بارشوں نے نہ صرف عام شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے بلکہ بڑے فلمی ستارے بھی اس کی زد میں آگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کے مشہور و تاریخی بنگلے ’’پرتیکشا‘‘ کو بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا دیکھا جا سکتا ہے ویڈیوز میں صاف دکھائی دیتا ہے کہ بارش کا پانی سڑکوں سے ہوتا ہوا بنگلے کے اندر تک داخل ہوگیا اور احاطے میں ٹخنوں تک پانی جمع ہوگیا۔ انڈیا ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن خود بھی گھر سے پانی نکالنے کی کوشش کرتے نظر آئے، وہ ہاتھ میں وائپر لیے پانی باہر دھکیلتے دکھائی دیے۔ یہ بنگلہ فی الحال ان کی بیٹی شویتا بچن کے زیر استعمال ہے۔
ممبئی کے مختلف علاقوں میں بارشوں نے ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث چھوٹی بڑی گاڑیاں آہستہ آہستہ پانی کے اندر راستہ بناتی نظر آئیں۔ شہریوں کو گھروں سے نکلنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں جبکہ تعلیمی ادارے اور دفاتر بھی متاثر ہوئے ہیں مقامی ذرائع کے مطابق مسلسل بارشوں نے ممبئی کا نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ کئی علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی جبکہ نشیبی مقامات پر گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ بارشوں کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو بھی کئی مقامات پر امدادی کارروائیاں کرنی پڑ رہی ہیں واضح رہے کہ ممبئی میں برسات کا موسم ہر سال شہریوں کے لیے آزمائش بن جاتا ہے، مگر اس بار اس کی شدت زیادہ دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کے باعث عام لوگ ہی نہیں بلکہ بالی ووڈ کے بڑے ستارے بھی مشکلات کا شکار ہیں۔