اسرائیلی حکومت مغربی کنارے میں آبادکاری سرگرمیاں فوری بند کرے ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک )اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے اسرائیل کی ہائیر پلاننگ کمیٹی کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے ای ون علاقے میں 3,400 سے زائد رہائشی یونٹس کی منظوری دینے کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔

متحدہ عرب امارات کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے، بشمول مشرقی بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاریاں بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے صریحاً منافی ہیں اس منصوبے کی پیش رفت دو ریاستی حل کے لئے ایک وجودی خطرہ ہے۔ یہ مغربی کنارے کے شمالی اور جنوبی حصوں کو منقطع کر دے گا اور مقبوضہ فلسطینی سرزمین کی علاقائی سالمیت پر سنگین اثرات مرتب کرے گا۔

سیکرٹری جنرل نے ایک بار اسرائیلی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر تمام آبادکاری کی سرگرمیاں بند کرے، بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کرے اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے ساتھ ساتھ 19 جولائی 2024 کو بین الاقوامی عدالت انصاف کی جانب سے جاری کردہ مشاورتی رائے کے مطابق عمل درآمد کرے