کاروبار سہولت مرکز کے قیام سے سرمایہ کاروں کو ضروری رہنمائی ،معلومات اور سہولیات میسر ہوں گی،وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کاروبار سہولت مرکز کے قیام سے سرمایہ کاروں کو بلاتاخیر، مستند اور ضروری رہنمائی ،معلومات اور سہولیات میسر ہوں گی۔ وہ جمعرات کو یہاں کاروبار سہولت مرکز کے دورے اور اس کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے وزیر اعظم نے کہا کہ آج اسلام آباد میں پہلے بزنس سہولت مرکز نے کام شروع کردیا ہے ، یہ بہترین معیار کا مرکز ہے جس کے قیام سے سرمایہ کاروں کو بلاتاخیر ضروری اور مستند معلومات اور رہنمائی میسر آئے گی اورانہیں ایک ہی جگہ تمام سہولیات حاصل ہوں گی۔ وزیر اعظم نے سنٹر پر تعینات کیے گئے عملہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور انداز کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں ، ان کو احسن انداز میں خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے وزیر اعظم نے اس سنٹر کے قیام کیلئے سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ وزارتوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کے باقی حصوں میں بھی ایسے بزنس سنٹرقائم کیے جائیں گے ۔ سرمایہ کاری بورڈ کے وزیر قیصر احمد شیخ نے وزیراعظم کو بتایا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے یہ بہت بڑا اقدام اور پیش رفت ہے، ایک ہی چھت تلے سرمایہ کاروں کو تمام ضروری معلومات رہنمائی اور سہولیات دستیاب ہوں گی۔ وزیر اعظم نے مرکز کے مختلف ڈیسکس کا معائنہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔

وزیر اعظم کو متعلقہ حکام نے مرکز میں فراہم کی گئی سہولیات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی انٹر پرائز کو یہاں ہر قسم کی رہنمائی فراہم کی جاتی ہے، مختلف پہلوؤں کا جائزہ لینے اور سادہ طریقہ کار کے ذریعے قواعد مکمل کرنے کے بعد تمام کارروائی کم سے کم وقت میں آن لائن نمٹائی جاتی ہے قبل ازیں وزیر اعظم نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ون ونڈو بزنس سہولت مرکز کا افتتاح کیا۔ وزیر اعظم کو بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سپیشل اکنامک زون ونگ کی طرف سے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزرا ،ارکان اسمبلی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام موجود تھے.