راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ڈینگی پر قابو پانے کے ویژن کے مطابق واسا راولپنڈی میں ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کی زیر صدارت ڈینگی کی روک تھام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے واسا عملہ کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور سب انجینئرز نے شرکت کی اجلاس میں ایم ڈی واسا نے بتایا کہ اس بار ڈینگی پر قابو پانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں اس سلسلے میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر تمام ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس کا دورہ کر کے ڈینگی لاروا کو تلف کرنے کے اقدامات کر رہی ہیں تا کہ ڈینگی کے مضر اثرات اور اس کے نقصانات سے بچا جا سکے ایم ڈی واسا راولپنڈی نے اس موقع پر کہا کہ واسا راولپنڈی ایک اہم ادارہ ہے جو ڈینگی کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کر سکتا ہے واسا کی بنیادی ذمہ داریوں میں کھڑے پانی کی نکاسی ، ڈینگی DVRs کو حل کرنے، dengue Hotspots کی موثر نگرانی کرنا شامل ہیں .
ایم ڈی واسا نے افسران و عملے سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ڈینگی وبا ایک قومی مسئلہ ہے جس کی روک تھام کے لیے سب کو مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے نہ صرف واسا کی تمام تنصیبات بشمول ہیڈ آفس اور تمام فیلڈ آفسز کی خصوصی صفائی کو یقینی بنایا جائے بلکہ اس پیغام کو اپنے گھروں اور گلی محلوں تک پہنچائیں تا کہ اس وبا پر قابو پایا جا سکےایم ڈی واسا نے اس موقع پر بتایا کہ واسا راولپنڈی ڈینگی آگاہی مہم میں بھرپور شرکت کر رہا ہے واسا کے تمام دفاتر میں ڈینگی آگاہی مہم کے پوسٹرز، بینرز اور ہورڈنگ آویزاں ہیں اس کے علاوہ پمفلٹس اور بروشرز سے بھی عوام کو ڈینگی مہم کے بارے میں آگاہی دی جا رہی ہے ایم ڈی واسا نے تمام فیلڈ افسران اور عملہ کو ہدایت کی کہ کھڑے پانی کی نکاسی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے اور ایسی تمام شکایات کا فوری حل کیا جائے ایم ڈی واسا نے ڈائریکٹر واٹر سپلائی کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ فیلڈ آفسز کے دورے کر کے موثر نگرانی کریں اور غفلت برتنے والے افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے .
ایم ڈی واسا راولپنڈی نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ڈینگی کے خلاف مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مچھروں کی افزائش کو کنٹرول کرنا نہایت ضروری ہے عوام اس مہم میں واسا راولپنڈی اور حکومت پنجاب کا ساتھ دیں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ہی ڈینگی پر قابو پایا جا سکتا ہے اور معاشرے کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے کہا کہ شہریوں کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لئے واسا اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گا اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔