لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیرِاعظم کی ہدایت پر پاکستان کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کے لئے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور این ڈی ایم اے اور الخدمت فائونڈیشن کے تعاون سے ہفتہ کے روز غزہ کے لئے 100 ٹن امدادی سامان کی 19ویں کھیپ بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ علامہ اقبال ایئرپورٹ لاہور سے روانہ ہو گئی۔سامان روانگی کے مو قع پر ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں مہمانِ خصوصی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سمیت این ڈی ایم اے اور الخدمت فائونڈیشن کے نمائندوں نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے، فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان بجھوانے پراین ڈی ایم اے اور الخدمت فا ئونڈیشن کے کردار کو سراہتے ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی موثر رابطہ کاری اور لاجسٹک انتظامات لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تعاون صرف امداد نہیں بلکہ اسلامی بھائی چارے کا مظہر ہے،غزہ کے عوام کی مدد پاکستان کے اصولی موقف کا تسلسل ہے۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ فلسطین کے مستحقین تک امداد بلا تاخیر پہنچنی چاہیے ، امید ہے کہ پاکستان کی جا نب سے امدادی پرواز کی کھیپ العریش ، مصر کے راستے خیریت سے پہنچے گی۔الخدمت فائونڈیشن کے صدر پروفیسر حفیظ الرحمن نے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے غزہ کے عوام کے لیے ابتک مجموعی طور پر 1915 ٹن امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔
امدادی سامان میںآٹے کے تھیلے، کوکنگ آئل، جام ،ڈبہ بند فروٹ، فوڈ پیک، تیار کھانے، مشروبات و دیگر اشیا ء شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے مسلمانوں کے لیے اس طرح کی امدادی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جا ری رہیں گی.