نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر بنگلہ دیش پہنچ گئ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار دو روزہ سرکاری دورے پر بنگلہ دیش پہنچ گئے۔ ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر بنگلہ دیش کے سیکرٹری خارجہ ایمبسیڈر اسد عالم سیام ، بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر ، پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے نائب وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔پاکستان ہائی کمیشن کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یہ دورہ بنگلہ دیش کی حکومت کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔ نائب وزیراعظم ڈھاکہ میں اہم بنگلہ دیشی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ نائب وزیراعظم بنگلہ دیش حکومت کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس، مشیر خارجہ محمد توحید حسین اور دیگر حکام سے اہم ملاقاتیں کریں گے جن میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور زیرِ بحث آئیں گے۔ دورے کے دوران دونوں ممالک دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کریں گے.