پنجاب حکومت مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے متحرک، وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا بڑے شہروں کے واسا افسران سے رابطہ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے پیش نظر حکومتِ پنجاب نے ہنگامی اقدامات اٹھاتے ہوئے واسا اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے واسا منیجنگ ڈائریکٹرز سے رابطہ کیا اور گزشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا بلال یاسین نے کہا کہ مون سون بارشوں کے دوران شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور نکاسی آب کے عمل کو بروقت اور مؤثر بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ڈی ایم اے کے الرٹ کے بعد واسا اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

ایم ڈی واسا راولپنڈی محمد سلیم اشرف کے مطابق، گزشتہ رات بارش کے دوران واسا کا عملہ اور مشینری مکمل طور پر ہائی الرٹ تھی، اور بارش رکنے کے صرف دو گھنٹے بعد تمام متاثرہ علاقوں سے پانی کی نکاسی مکمل کر لی گئی صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے تمام شہروں کے واسا حکام کو ہدایت دی کہ مون سون کے دوران کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی تیاری کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑےترجمان واسا کے مطابق، بارش کے بعد کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری کارروائی کیلئے ٹیمیں تیار ہیں.