اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ڈیجیٹل آپریٹر جازنے جاز کیش اور موبی لنک بینک کے ساتھ مل کر سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے، اس اقدام میں فوری انسانی امداد کے ساتھ ساتھ طویل مدتی بحالی بھی شامل ہے جو نجی شعبے کی جانب سے ایک جامع ردِعمل ہے، اس امداد میں مفت اور رعایتی ٹیلی کام و ڈیجیٹل فنانشل سروسز، متاثرہ خاندانوں کے لئے خوراک، ادویات، خیمے اور بستر جیسی ضروری اشیا اور جازکیش کی جانب سے ایک میچنگ گرانٹ (یعنی صارف کی جانب سے امداد کے مساوی رقم) شامل ہے تاکہ صارفین کے عطیات کو دوگنا کرکے فلاحی اداروں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ مالی معاونت پہنچائی جا سکے۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق جاز اور موبی لنک بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ابراہیم نے کہا کہ یہ 10 کروڑ روپے کی امداد جاز، جاز کیش اور موبی لنک بینک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ مشکل وقت میں ہم قوم کے ساتھ ہیں، کنکٹیویٹی، ڈیجیٹل فنانشل سروسز اور پائیدار بینکاری کو ملا کر ہم متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف اور عملی مدد فراہم کرنا چاہتے ہیں،اس امدادی پروگرام میں خواتین اور بچوں کی ضروریات خاص طور پر صحت، غذائیت اور صفائی کے پہلوؤں پر توجہ دی جائے گی ، طویل مدتی بحالی کے لئے موبی لنک بینک ایسے مالی حل متعارف کرائے گا جو روزگار کی بحالی، مقامی معیشت کو دوبارہ فعال کرنے اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دیں گے۔یہ جامع حکمتِ عملی جاز، جاز کیش اور موبی لنک بینک کے نجی شعبے میں کلیدی کردار کو اجاگر کرتی ہے جو نہ صرف فوری امداد کی فراہمی بلکہ پائیدار بحالی کو بھی یقینی بناتی ہے۔