ایف آئی اے پشاور زون کا حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں بڑی کارروائی، 20 کروڑ روپے اور 6 کلو سونا برآمد، 6 ملزمان گرفتار

پشاور(کرائم رپورٹر )ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ایف آئی اے پشاور زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 20 کروڑ روپے سے زائد نقدی اور 6 کلو گرام سے زائد سونا برآمد کر لیا ہے جبکہ 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں ظاہر شاہ، بلال منظور، جمال الدین، سعد خان، شاہد خان اور امیر علی خان شامل ہیں، جنہیں پشاور، مردان اور نوشہرہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران ملزمان سے مجموعی طور پر 19 کروڑ 10 لاکھ 29 ہزار پاکستانی روپے، 6 کلوگرام سے زائد سونا، 10 کلو چاندی، 5800 امریکی ڈالر، 600 سعودی ریال، 500 اماراتی درہم اور 6 ہزار افغانی بھی برآمد ہوئے۔

ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق دیگر شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان برآمد شدہ کرنسی اور سونے کے حوالے سے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ایف آئی اے مزید کارروائی کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔